اقلیتی برادری کی سکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ ایس پی سٹی

July 22, 2019

پشاور (کرائم رپورٹر) ایس پی پشاور سٹی سید عتیق شاہ نے کہا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس بلاتفریق رنگ و نسل اقلیتی برادری کی سکیورٹی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے لا رہی ہے۔ دیگر مذاہب سے وابستہ افراد کے ساتھ مساوی سلوک سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ملک و قوم کی ترقی و خدمت میں اقلیتی برادری کا کردار مسلمہ ہے‘ اقلیتی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی سٹی عتیق شاہ نے گزشتہ روز سٹی ڈویژن میں چرچ کے دورے کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی عتیق شاہ نے پشاور کے سٹی ڈویژن میں واقع مختلف چرچز کا دورہ کیا۔ ایس پی سٹی نے اس موقع پر چرچز اور مسیحی عبادت گاہوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا‘ انہوں نے آل سینٹ جانز چرچ کوہاٹی گیٹ کے پادری شہزاد مراد اور بشپ ہمفری پیٹر سرفراز کے ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی بات چیت بھی کی۔ ایس پی سٹی نے دورہ کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سے بھی بات چیت کی اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے چرچ اور مسیحی عبادت گزاروں کے تحفظ کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو خصوصی ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر آل سینٹ جانز چرچ کوہاٹی گیٹ کے پادری شہزاد مراد اور بشپ ہمفری پیٹر سرفراز نے ایس پی سٹی عتیق شاہ کو چرچ کا دورہ کرنے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔