چین و دیگر دوست ممالک کے تعاون سے خلیج میں بحری جہازوں کی آمد ورفت محفوظ بنائینگے، شیخ محمد بن زاید

July 23, 2019

بیجنگ(جنگ نیوز) ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات چین اور دیگر دوست ممالک کے تعاون سے خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں بحری جہازوں کی محفوظ آمد ورفت کو یقینی بنائے گا۔ بیجنگ میں پیرکو چینی ہم منصب سے ملاقات کےدوران گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے اس مقصد کے حصول اور دنیا میں تیل کی محفوظ رسد کو یقینی بنانے کے لیے چین اور دوسرے دوست ممالک سے تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔شیخ محمد نے کہا کہ خلیج میں تیل اور مال بردار بحری جہازوں کی آزادانہ اور محفوظ آمد ورفت عالمی معیشت کے استحکام اور تحفظ کے لیے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ دوسری جانب محمد بن زاید النہیان کےدورے کے دوران چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 16 مفاہمتی یادداشتوں پربھی دستخط بھی ہوئے ہیں۔