شیری رحمان محسن عباس کیخلاف ایف آئی آر درج نہ کرنے پر برہم

July 23, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے لاہور پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار محسن عباس کے اہلیہ پر تشدد کے خلاف ایف آئی آر کیوں نہیں درج کی جارہی ہے؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ’لاہور کے سرور روڈ پولیس اسٹیشن میں محسن عباس حیدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے کیوں انکار کیا جا رہا ہے؟‘

شیری رحمان نے مزید لکھا کہ پولیس اسٹیشن میں فاطمہ سہیل سے تشدد کی میڈیکل رپورٹ کیوں طلب کی جارہی ہے جبکہ دفعہ 506 بی اور 406 پی پی سی کے تحت کسی قسم کی میڈیکل رپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی۔

شیری رحمان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا ’گھریلو تشدد ختم کرو۔‘

واضح رہے کہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر اداکار محسن عباس کے خلاف تشدد کی درخواست دے رکھی ہے، انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے محسن عباس کو رنگ رلیاں مناتے پکڑا تھا جس کے بعد انہوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’محسن عباس ایک اداکارہ کے عشق میں گرفتار ہیں، میں جب حاملہ تھی تب بھی انہوں نے مجھے مارا پیٹا۔‘

اداکار محسن عباس حیدرکی جانب سے بیوی پر تشدد پر شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب محسن عباس نے اہلیہ کے الزامات کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے، وہ جھوٹ بولنے کی عادی ہیں اور ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے کہ وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری 6 ماہ سے علیحدگی ہے، زخموں کی تصاویر پرانی اور اس وقت کی ہیں جب وہ سیڑھیوں سے گری تھیں، فاطمہ میری دوسری شادی کی بات پر بھڑک اُٹھی تھیں۔