اغواء کا مقدمہ، لڑکی کا والدین کیساتھ جانے سے انکار

July 23, 2019

لاہور ہائی کورٹ میں اغواء کے مقدمے کی سماعت کے دوران 22 سالہ لڑکی نے اپنے والدین کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔

لڑکی کے انکار کے بعد فریقین احاطۂ عدالت میں ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے، عدالت نے لڑکی کو سہیلی کے ساتھ بھجوا دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے شہری مبین احمد کی درخواست پر سماعت کی جس نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی بیٹی عمائمہ کو ساندہ کی ایک لڑکی نے اغوا کر رکھا ہے۔

مبین احمد نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ واقعے کا مقدمہ بھی درج ہے، بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔

سماعت کے بعد لڑکی نے اپنے والدین کے ہمراہ جانے سے انکار کر دیا جس پر فریقین احاطۂ عدالت میں گتھم گتھا ہو گئے۔

ہائی کورٹ کی سیکیورٹی نے لڑکی کے والدین اور بھائی کو حراست میں لے لیا، جبکہ عدالت نے لڑکی کو اس کی سہیلی کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔