سینیٹ اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

July 23, 2019

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کے لیے بُلایا جانے والا اجلاس حزب اختلاف کی طرف سے بحث نہ کرنے چیئرمین سینیٹ نے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے رولنگ میں کہا کہ مستقبل میں چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےخلاف قرارداد لانے کے لیے قواعد وضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی برطرفی سے متعلق اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس کے لئے سینیٹ سیکریٹریٹ نے تحریک عدم اعتماد کو رولز 218 کے تحت صرف بحث کے لیے ایجنڈا میں شامل کیا۔

قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق نے کہا کہ اپوزیشن نے تحریک دی تھی کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف ووٹنگ کرائی جائے، اس قرارداد پر رولز 218 کے تحت صرف بحث نہیں ہو سکتی، کارروائی ملتوی کی جائے، قرارداد یکم اگست کے اجلاس میں زیر غور لائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دی کہ چیئرمین یاڈپٹی چیئرمین کو ہٹانے کیلئے نوٹس صرف سینیٹ کے جاری اجلاس میں دیا جاسکتا ہے، ریکوزیشن اجلاس چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر طلب نہیں کیا جا سکتا، اس لیے آج تحریک پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا تقدس اور غیرجانبداری کا خیال رکھا،سینیٹ آف پاکستان وفاقی اکائیوں کا ترجمان ہے، اس قرارداد کا نقصان چیئرمین سینیٹ کے عہدے کو پہنچ رہا تھا،اپنے ضمیر کے مطابق کام کیا، یہاں اپنے لیے نہیں، سینیٹ کی بقا، آئین، قواعد اور چیئر کی رولنگ کی بالادستی کی جدوجہد کررہا ہوں۔