عمران خان ضدی وزیراعظم ہیں، عارف علوی

July 30, 2019

اسلام آباد (خبرایجنسی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان ضدی وزیراعظم ہیں وہ پاکستان کو اقلیتوں کیلئے محفوظ ملک بنانے اور ریاست مدینہ کا ویژن ضرور پورا کرینگے۔ایوان صدر میں اقلیتوں کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ریاست مدینہ کا طعنہ دیاجاتا ہے، حضوراکرمؐ نے اقلیتوں کے تحفظ کا معاہدہ کیا، آپؐ نے ساری زندگی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔ سیرت طیبہؐ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپؐنے 40 مسیحی وفود کے لیے اپنی چادر مبارک بچھائی۔صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالی نے عمران خان کو موقع دیا ہے کہ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بناسکیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے واضح کیا کہ ریاست مدینہ کے نظریات کو ملک بھر میں نافذ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت اصلاح کے لیے احساس پروگرام لائی ہے ،ہم نے پارٹی بناتے وقت تین سیشنز کیے تھے اوراس میں فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے گیارہ اگست کو اقلیتوں کے حقوق سے متعلق تقریر کی تھی۔ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب کے شرکا پر واضح کیا کہ نئے پاکستان کے قیام کے لیے ریاست مدینہ اوراسلام کو بنیاد بنایاگیا ہے، نئے پاکستان کے قیام میں قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے افکار کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر کے بھی دنیا کو دکھایا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اخلاقی اعتبار سے ترقی کرچکا ہے اوراب معاشی طور پر بھی ترقی کرے گا۔