’عوام پاکستانی فلمیں دیکھیں‘، حریم فاروق

August 10, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

فلم ’ہیر مان جا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم اچھی ہو یا بُری، عوام یہی دیکھیں۔

فلم ’ہیر مان جا‘ کی تشہیر میں مصروف اداکارہ حریم فاروق نے بی بی سی کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے عوام سے پاکستانی فلموں کو سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پاکستانی فلم انڈسٹری اور پاکستان کے سینما گھروں کے بارے میں بات کی۔

اداکار ہ سے ایک سوال کیا گیا کہ اگر کوئی پاکستانی فلم عوام کو پسند نہیں آئی تو کیا پھر بھی عوام کو پاکستانی سینما گھروں کو سپورٹ کرنا چاہیے؟ جس کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ہاں عوام کو پھر بھی سپورٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے بین الاقوامی فلم انڈسٹریز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہالی ووڈ، بالی ووڈ، تامل ووڈ یہ سب بہت پرانی انڈسٹریز ہیں جنہوں نے اپنا معیار قائم رکھا ہوا ہے۔ اس کے برعکس پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کے بعد اب بحالی ہوئی ہے جس کے بعد سے یہاں بہتر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی فلم انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب عوام ہمیں سپورٹ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو دِکھانا چاہتے ہیں کہ ہمارا پاکستان خبروں کی دنیا سے بالکل مختلف ہے، ہم اپنے ملک کی خوبصورتی کو اپنی فلموں کے ذریعے دِکھانا چاہتے ہیں، پاکستان کا چُھپا ہوا ٹیلنٹ دنیا تک لے جانا چاہتے ہیں۔

حریم فاروق نے کہا کہ اگر کوئی فلم اچھی نہیں ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ عوام ہماری فلمیں ہی نہ دیکھے، ہمارے پاس دیگر فلم انڈسٹریز کی طرح بہترین اداکار اور مصنف نہیں ہیں لیکن ہم اس کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، اداکار جذبے کے ساتھ فلموں میں کام کررہے ہیں اور آگے بھی بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب فلم ’ہیر مان جا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ’علی رحمٰن‘ نے بھی اپنی ساتھی اداکارہ ’حریم فاروق ‘ کی بات کی تائید کرتے ہوئےکہا کہ ہماری فلم انڈسٹری پہلے سے بہتر فلم سازی کر رہی ہے، ہمارے مصنف بہترین کہانیاں تحریر کررہے ہیں اور ہمارے اداکار بھی اچھے کام کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’ہیر مان جا‘رواں سال عید الاضحٰی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، اس فلم کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی اور عارف لاکھانی ہیں۔