عیدالاضحی اور مون سون کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی ،ارسلان شیخ

August 11, 2019

سکھر (بیورو رپورٹ) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی اور مون سون کی بارشوں کے پیش نظر بلدیہ سکھر کی جانب سے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، کو تاہی بر تنے والے میونسپل ملازمین کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔ صفائی ستھرائی اور جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیساتھ ساتھ فراہمی و نکاسی آب کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات دو روز میں مکمل کرلئے جائیں۔ وہ شہر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور مون سون بارشوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی مےئر طارق چوہان، میونسپل کمشنر پیر واحد بخش ، عطاء الرحمن، عابد علی ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، ملازمین کی چھٹیا ں منسوخ کر تے ہو ئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو پابند کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے تینوں دن شہر میں صفائی ستھر ائی کے نظام کوبہتر رکھا جائے گا اور قر بانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کا م بروقت سر انجام دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پر یشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کے حوالے سے کی جانے والی پیشگوئی کے تحت بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے اپنی استعداد کے مطابق کئے جانیوالے انتظامات کے بارے میں ایکسین اور متعلقہ افسران نے میئر کو بریفنگ دی۔