کئی برطانوی لڑاکا رجمنٹس کی آپریٹنگ میں تقریباً 40 فیصد کمی

August 11, 2019

لندن ( پی اے ) کئی برطانوی لڑاکا رجمنٹس میں ریکروٹمنٹ کم ہونے کے باعث کارکردگی میں بھی تقریباً 40 فیصد کمی آگئی ہے۔ گارڈین کی جانب سے اطلاعات تک رسائی کے قانون کی مدد سے حاصل ہونے والے وزارت دفاع ( ایم او ڈی )کے اعدادوشمار کے مطابق آرمی انفنٹری یونٹس میں جوانوں کی تعداد میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مسلسل کمی ہوئی ہے۔وزارت کی جانب سے شائع ہونے والی سہ ماہی معلومات کے مطابق یکم جنوری تک آرمی پرسونل کی تعداد 7.6فیصدکم ہوگئی۔تاہم گارڈین کی جانب سے اطلاعات تک رسائی کے قانون کے ذریعے حاصل ہونے والے اعدادوشمار کا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ 16 انفنٹری رجمنٹس میں ضرورت سے 20فیصد کم پرسونل تھے، چار انفنٹری رجمنٹس ایسی تھیں جہاں پرسونل کی تعداد ضرورت کے مقابلے میں 25 فیصد کم تھی جبکہ امتیازی سکاٹس گارڈزیونٹ میں ہدف سے 37 فیصد کمی ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ انفنٹری میں پرسونل کی تعداد ضرورت سے مجموعی طور پر تقریباً 17 فیصد کم ہے۔وزیر دفاع بین والس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس مسئلہ کو حل کریں۔شیڈو وزیر دفاع نیا گریفتھ نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت جب ہمارے ملک کو درہیش خطرات بڑھ گئے ہیں ہر سال پرسونل کی تعداد میں کمی ناقابل قبول ہے۔ٹوری رکن پارلیمنٹ باب سیلی نے فرم کپیٹا پر تنقید کی جس نے 2012 میں وزارت دفاع کیلئے ریکروٹمنٹ کی ذمہ داری سنبھالی۔