روسی میزائل ٹیسٹ دھماکہ: ایٹمی ایجنسی کے پانچ ارکان ہلاک

August 11, 2019

لندن ( نیوز ڈیسک ) روسی حکام نے گزشتہ روز بتایا ہے کہ قطب شمالی میں ایک میزائل ٹیسٹنگ سائٹ پر دھماکہ کے نتیجے میں ایٹمی ایجنسی سٹاف کے پانچ ارکان ہلاک ہو گئے جبکہ تابکاری آئسوٹوپس خارج ہوئے ہیں۔ قریبی شہر میں تابکاری کی سطح بڑھ جانے کی رپورٹس ملی ہیں۔روسی ایٹمی ایجنسی ’’ روز ایٹم‘‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک خفیہ فوجی سائٹ پر جمعرات کو پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں سٹاف کے تین ارکان جھلس بھی گئے اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ روسی فوج نے قبل ازیں حادثہ کا سبب نیوکلئیر فیول نہیں بتایا تھا ، اس کا کہنا تھا کہ تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔تاہم قریبی شہر سیووڈونسک کے حکام نے رپورٹ دی کہ حادثہ کے بعد تابکاری کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حادثہ دور دراز کے شمالی آرکھن جیلسک خطے میں ایک لیکوئیڈ پروپیلانٹ جٹ انجن کی ٹیسٹنگ کے دوران پیش آیا۔ وزارت دفاع کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ دھماکہ کے فوری بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ روز ایٹم کا کہنا ہے کہ اس کے سٹاف ارکان ٹیسٹ ہونے والے انجن کی ’’ آئسوٹوپس پاور سورس‘‘ کے لئے انجنئیرنگ اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کر رہے تھے۔ حکام نے بحر ابیض میں نیونوکسا پر پیش آنے والے حادثہ کے بارے میں کم تفصیلات فراہم کی ہیں۔ یہ سائٹ سوویٹ دور سے ایٹمی آبدزوں اور جہازوں میں نصب کئے جانے والے میزائل ٹیسٹ کرنے کیلئے استعمال ہورہی ہے۔