یوم آزادی، سبزہلالی پرچم کے ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لگادیے گئے

August 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاکستان کا 73 واں یوم آزادی ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے کیا گیا جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نمازفجر میں ملک و قوم کی ترقی و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار یوم آزادی کو سرکاری سطح پر کشمیر کے نام سے بھی منسوب کیا گیا ہے۔ ملک کی بڑی شاہراہوں اور بازاروں میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لگادیے گئے ہیں۔

14اگست کے حوالے سے ملک بھر کے بازاروں، مارکیٹوں اور شاہراہوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور قومی پرچموں کے ساتھ سجایا گیا ہے جب کہ رات کو سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا۔

رات گئے بھی پاکستانیوں نے ملکی آزادی کا بھرپور جشن منایا۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی جب کہ شہریوں نے سڑکوں پر پاکستان زندہ باد کے بلند نعرے بھی لگائے۔

جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور نظریہ پاکستان فورم اور دیگر شعبوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں۔ جب کہ یونیورسٹیوں اور مختلف تعلیمی اداروں میں بھی آج جشن آزادی کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔