کیون ریوز پاکستانی ٹیم کو سوکا ٹریننگ دیں گے

August 16, 2019

سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ کیون ریوز سوکا ٹریننگ دیں گے۔

سوکا ورلڈ کپ 12 تا 20 اکتوبر یونان کے شہر کریٹ میں ہوگا جس کی تیاری کے لیے اسلام آباد، کوئٹہ، لاہور اور کراچی میں 19 تا 29 اگست اوپن ٹرائلز ہوں گے۔

منتخب کھلاڑی نیشنل چیمپئن ٹیم کے ہمراہ اکتوبرمیں یونان کے شہر کریٹ کا دورہ کریں گے۔

سوکا ورلڈ کپ میں دنیائے فٹبال کی عظیم ٹیموں کے خلاف نبرد آزما ہونے کے لیے پاکستان کی مضبوط ٹیم تشکیل دینے کے لیے لیژر لیگز نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اور یوئیفا لائسنس کوچ کیون ریوز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

کیون ریوز کو فٹبال ٹیموں کی کوچنگ کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ ماضی میں یو کے کے نامور فٹبال کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ اور اسٹاک سٹی کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔

پاکستان سوکا ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے اسلام آباد، لاہور،کوئٹہ اور کراچی میں اوپن ٹرائیلز کے ذریعہ مزید کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو لیژر لیگز نیشنل چمپئن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

حال ہی میں کراچی میں نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان بھر سے 800 کلبز نے اس میراتھن ایونٹ میں حصہ لیا۔

پاکستان کے ہر صوبے سے ایک ایک ٹیم نے نیشنل چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کیا۔ کیون ریوز 19 تا 29 اگست پاکستان کا دورہ کریں گے جو 21 اگست کو اسلام آباد، 23 اگست کو لاہور، 25 اگست کو کوئٹہ جبکہ 28 اگست کو کراچی میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کا سلیکشن کریں گے۔

منتخب کھلاڑی لیژرلیگز کے ہمراہ یونان کے شہر کریٹ میں ہونے والے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ٹرائلز میں کسی بھی سطح پر کھیلنے والے کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔