دہشتگردی کی کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو نگے،جعفریہ الائنس

August 17, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جعفریہ الائنس پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکر ٹری شبر رضا نے کو ئٹہ میںمسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکہ انتہائی بز دلانہ عمل ہے بے گناہ نمازیوں کو اس طرح شہید کرنے والوں کا نہ کوئی دین ہے اور نہ مذہب، موجودہ صورتحال میں اس طرح کے واقعات ملک کا امن خراب کر نے کی سازش ہے، دہشت گردی کی ان کاروائیوں سے قوم کے حو صلے ہر گز پست نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کو ئٹہ میں جگہ جگہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہیں۔بلوچستان میں مسلسل جو دہشت گردی ہورہی ہے اس کے ذمہ داربھارت کے پے رول پر ہیں جوصوبے کے امن و استحکام کے دشمن ہیںکو ئٹہ کے معصوم افراد کے قتل کے واقعات کا تسلسل عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کے ساتھ ساتھ دہشت گرد عناصر کے حوصلوں کی تقویت کا بھی باعث ہے کو ئٹہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے جہاں ملک دشمن عناصر نے محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جسے پورا کئے بغیر امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی ترقی کا عمل ممکن ہے۔