پاکستان کو جلد فری پلاسٹک بیگ کنٹری میں بدل دیں گے،امین اسلم

August 17, 2019

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )وزیراعظم کے مشیر برائے تبدیلی موسمیات ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم پراجیکٹ دس ارب درخت لگانا ہے خیبرپختونخوا میں ہم نے ایک ارب لگا کر دکھائے ہیںجمعہ کو نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے انہوں کہا کہ پولی تھین پلاسٹک بیگ ایک لعنت ہے اورجلد ہی ہم پاکستان کو فری پلاسٹک بیگ کنٹری میں بدل دیں گے،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 55 ارب شاپنگ بیگ بنائے جاتے ہیں،کراچی میں سیلاب کی 80 فیصد وجہ یہی شاپنگ بیگ تھے،انہی بیگز کی وجہ سے سیلابی نالے بند ہوئے اور گندہ پانی نالوں کی بجائے کراچی کی سڑکوں اور گھروں میں داخل ہوا،اس حوالے سے وفاق میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ دکانداروں کو پولی تھن بیگز کے استعمال پر بھاری جرمانے عائد کیے جائینگے،اور پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلے متعارف کروائے جائیں گے جو کہ ماحول دوست کے ساتھ ساتھ صفائی کی علامت اور پیسوں کی بچت کا سبب ہونگے،انہوں نے مستقبل میں پاکستاں میں ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2030 تک پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں چلیں گی جس سے دھوئیں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور معدنیات کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ18 اگست کو ہم پلانٹ فار پاکستان ڈے منارہے ہیں ،اٹھارہ تاریخ کو ہر بشر دو شجر لگائے، ایک پاکستان کیلئے اور ایک کشمیر کیلئے اور18 تاریخ کو وزیراعظم بھی فیلڈ میں ہوں گے۔