لندن مظاہرے کی کامیابی پر تحریک حق خودارادیت رہنمائوں کا اظہار تشکر

August 18, 2019

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سیکرٹری جنرل صدر اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، وائس چیئرمین امجد حسین مغل، نارتھ آف انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف، گریٹر مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان، لندن کی چیئرپرسن شاہدہ جرال اور سیکرٹری فوزیہ تنویر جبکہ بین الاقوامی کل جماعتی رابطہ کشمیر کمیٹی کے صدر چوہدری محمد عظیم، سیکرٹری راجہ امجد خان، سنی حریت کونسل کے سربراہ حافظ فضل احمد قادری، برٹش پاکستانی سوسائٹی کی چیئرپرسن شبانہ کریم، صدر آسیہ حسین، بنات المسلمین گلوبل کی چیئرپرسن سمیرا فرخ نے برطانیہ کے تمام کشمیریوں، پاکستانیوں اور آزادی پسند لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے بھارتی سفارت خانے کے باہر مظاہرے میں شریک ہوکر بھارت، برطانیہ اور عالمی برادری کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ دنیا بھر کے جمہوریت پسند لوگ کشمیریوں کے خلاف کئے گئے حالیہ اقدامات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تحریک آزادی کے لئے سفارتی محاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تمام رہنمائوں نے لندن کے تاریخی مظاہرے اور برمنگھم، لوٹن، نوٹنگھم، بریڈ فورڈ، پیٹربرا، مانچسٹر، سٹوک آن ٹرینٹ میں ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت اور آرگنائزر کو خراج تحسین پیش کیا ہے، جبکہ اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ ہماری تمام تنظیمیں متحد و منظم ہوکر برطانیہ اور یورپ کے ایوانوں اور دیگر شہروں میں مظاہرے بھی جاری رکھیں گی اور تمام بڑے شہروں کے ٹائون ہالوں میں خواتین، نوجوانوں، پروفیشنلز، کونسلرز اور مذہبی و سیاسی اکابرین کی کانفرنسیں منعقد کرنے کا بھی عزم کیا ہے۔