انتشار اور منافرت پھیلانے والے عناصر پر پابندی لگائی جائے، قومی ولایت کنونشن

August 19, 2019

لاہور(نمائندہ جنگ) تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے زیراہتمام ناصر باغ میں "قومی ولایت کنونشن "سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی اور دیگر مقررین نے کہا کہ عقائد اسلام کی اصل توحید باری تعالیٰ ہے، توحید کے منافی تمام نظریات اور خرافات کو مسترد کرتے ہیں ۔ کنونشن میں منظور کی جانے والی قراردادوں میں کہا گیاکہ ولایت تمام مسلمانوں کے درمیان نقطہ اشتراک ہے۔ تمام مسلمانوں کو باہمی اتفاق و اتحاد سے رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ محرم الحرام باہمی احترام کا مہینہ ہے جو طاغوتی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔ عزاداری سیدالشہداءؓکی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ ریاستی ادارے انتشار اور منافرت پھیلانے والے عناصر پر پابندی عائد کریں۔ کنونشن میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی قانون اور آئین کے خلاف ہے، ایسے تمام نوجوانوں کو عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کو خاندانوں سے ملوایا جائے ۔ یہ بھی کہا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیر و فلسطین کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے، بیت المقدس اور کشمیر کو فروخت کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کنونشن میں پوری دنیا کے مظلوموں خصوصاًافغانستان ،عراق، شام، لبنان، فلسطین ،سعودی عرب، یمن، بحرین اور نائجیریاکے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔تحریک بیداری امت مصطفیؐ ٰکے سربراہ علامہ جواد نقوی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں ٹی وی چینلزکومسلمانوں کے درمیان ان اختلافات کو ہوا دینے اور جعلی اور من گھڑت مواد پیش کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مروجہ سیاست کرنے کی قوت و صلاحیت رکھنے کے باوجود،وہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ علامہ جواد نقوی نے واضح کیا کہ وہ جشن عید میلاد النبی ؐمنانے کے حامی ہیں اور خود میلاد مصطفی ٰؐہر سال مناتے بھی ہیں اور سمجھتے ہیں کہ شیعہ مقروض ہیں جوذکر اہل بیت کے لئے مجالس تو منعقد کرتے ہیں لیکن میلادمصطفیٰؐ پر توجہ نہیں دیتے۔ انہوں نےعلاج کی غرض سے آنے والے عالم دین اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ الشیخ ابراہیم زکزاکی کی بھارتی حکومت کی طرف سے تذلیل کی مذمت کی جنہوں نے واپس نائیجیریا جیل جانے کو ترجیح دی۔کنونشن سے علمدار بخاری، سجاد نقوی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔