وزارت قانون وانصاف ،ایک سال میں 7بل تیار، سات ایکٹ منظور کئے گئے

August 19, 2019

اسلام آباد (عاصم جاوید) وزارت قانون و انصاف نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فوری اور سستے انصاف تک عوام کی رسائی کیلئے گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد اقدامات کئے،ایک سال میں 7بل تیار، سات ایکٹ منظور کئے گئے،8صدارتی آرڈیننس جاری ہوئے، اداروں کو بلوں، عالمی معاہدوں ومفاہمتی یادداشتوں کی تیاری میں معاونت فراہم کی گئی، ایک سالہ نیا پاکستان رپورٹ کے مطابق وزارت قانون و انصاف نے سات مختلف بل تیار کئے جن میں سیکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2019 ، جائیداد میں خواتین کے حقوق کے نفاذ سے متعلق بل ، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجی لینس کمیشن بل ، ضابطہ دیوانی (ترمیمی) بل ، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل ، باہمی قانونی معاونت سے متعلق بل اور سروس ٹربیونلز (ترمیمی) بل شامل ہیں، ایک سال میں تحریک انصاف کی حکومت نے سات ایکٹ منظور کئے جن میں فنانس سے متعلق دو سپلیمنٹری (ترمیمی) ایکٹ ، تمباکو نوشی سے متعلق دو مختلف ایکٹ ، الیکشنز سے متعلق دو ترمیمی ایکٹ اور فنانس ایکٹ 2019 شامل ہیں۔