عمران خان کی پالیسی سرمایہ کاروں کو سمجھ نہیں آرہی، مرتضیٰ وہاب

August 19, 2019

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی اورمقامی سرمایہ کاری تباہ ہو چکی، سرمایہ کاروں کو عمران خان کی پالیسی سمجھ نہیں آرہی۔

ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 162 ارب تو کیا عمران خان نے 162 روپے کراچی پر نہیں لگائے۔

انہوں نے کہاکہ ساحلی شہرڈوبے ہوئے ہیں لوگوں کوریلیف دینا ہے،عمران خان ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہاکہ تحریک انصاف نے ہر وعدے پر یوٹرن لیا اور وعدہ خلافی کی،انتخابات سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نے یہ بھی کہاکہ وزیراعظم نے ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات میں 24 فیصد اضافہ کیا،ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں 177فیصد اضافہ کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک وزیرنے کہا تھا کہ عمران خان آئے گا تودو سو ارب ڈالر آئیں گے،ابھی تک کرپشن کا ایک پیسہ بھی نہیں لایا گیاجبکہ مہنگائی میں 77 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ چینی کی قیمتیں 18 فیصد بڑھی ہیں،روپے کے مقابلے میں ڈالر 30 فیصد مہنگا ہوا ہے،کسی بھی شعبے میں بہتری نظر نہیں آ رہی۔