میئرکراچی ایسی کیفیت پیدا نہ کریں جس سے کشیدگی بڑھے،وزیربلدیات

August 21, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیربلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ میئرکراچی وسیم اختر ایسی کیفیت پیدا نہ کریں جس سے کشیدگی بڑھےاور اداروں کی آپس میں لڑائی ہو اس کا نقصان کراچی کے شہریوں کا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے ہیڈآفس سوک سینٹر میں اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیاجبکہ حکومت سندھ کے ترجمان مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میئر کے ایم سی وسیم اختر سےزیادہ کوئی ناکام میئر نہیں آیا وہ اپنے بیان کو واپس لیکر کراچی کے عوام سے معافی مانگیں ، وزیربلدیات ناصرحسین نے میئرکراچی کی جانب سے سندھ حکومت کو ٹیکس نہ دینے کے بیان پر کہا کہ مجھے امید ہے کہ میئر کایہ بیان سیاسی ہوگا یا ہوسکتا ہے کہ انہوں نے صبح ناشتہ نہ کیا ہو میں یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ میئر کو راہ راست پر لے آؤں گا لیکن ان کے ساتھ کام ضرور کروں گا ہم نے اس سال بھی کے ایم سی کو 55 کروڑروپے دیئے لوکل گورنمنٹ کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 65 فیصد اسکیمیں صرف کراچی سے متعلق ہیں سواارب روپے ڈائریکٹ کراچی کے لیے رکھے جبکہ آن گوئنگ اسکیموں کے لیے فنڈ الگ سے ہیں صوبائی وزیر نے کہاکہ کے فور میں وقت لگے گا حکومت اب ڈی سیلینیشن پلانٹ کی طرف جارہی ہے ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سرکاری پلاٹوں پر قبضہ ختم کرانے میں پولیس کے ساتھ رینجرز بھی ہمارے ساتھ رہی ہے اگر ضرورت پڑی تو پاک فوج سے بھی مدد لیں گے۔ وزیربلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہاکہ کے الیکٹرک کی نااہلی سے حادثات اور جانی نقصان ہوا،صوبائی وزیر نے کہاکہ کے الیکٹرک کو گزشتہ برسوں میں جتنا منافع ہوا اس حساب سے انفرااسٹرکچر پر خرچ کرنا چاہیئے تھا بجلی کے کھمبوں کے ساتھ ارتھ کیاجانا چاہیئے حالیہ بارشوں میں کے ایم سی، ڈی ایم سیز پر ان کا الزام درست نہیں قصور صرف کے الیکٹرک کا ہے ڈیفنس میں شہید ہونے والے تین بچے پول سے کرنٹ آنے پر شہید ہوئے کے الیکٹرک کو سخت تنبیہ کی گئی ہے مزید اقدامات کررہے ہیں ۔