دوسب انسپکٹرز سمیت3پولیس اہلکاروں کو شہیدکرنیوالا ملزم گرفتار

August 21, 2019

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے6ماہ قبل تھانہ صادق آباد کے علاقے میں فائرنگ کرکے 2سب انسپکٹروں سمیت3پولیس اہلکاروں کو شہیدکرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جسے شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجوادیا گیاہے۔ اس امرکاانکشاف سی پی اوراولپنڈی محمدفیصل رانانے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف واقعات میں اب تک پولیس کے103افسران و جوان شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ویڈیوسکینڈل میں برآمد ہونے والی تمام ویڈیوز کو صیغہ راز میں رکھ کر متاثرہ لڑکیوں اور خواتین سے رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ ایف آئی اےسے بھی تحقیقات میں معاونت کی استدعا کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی پولیس کے پاس وسائل کم ہیں۔ 13 ہزار نفری کی کمی بارے حکومت کوآگاہ کردیاہے۔دریں اثناء محرم الحرام کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران اسلحہ کی نمائش،نیلی بتی اور کالے شیشوں والی گاڑیوں پر زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کو چیلنج کرنے والا ایک سیکنڈ کے لئے بھی جیل سے باہر نہیں رہ سکے گا ۔