بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، افضل خان

August 22, 2019

مانچسٹر (غلام مصطفےٰ مغل) شیڈو وزیر برائے امیگریشن محمد افضل خان نے روز نامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی نسل کشی کرنے جا رہا ہے، گزشتہ15 روز کے دوران دس ہزار سے زائد کشمیری اغوا کرلئے گئے، اقوام عالم بھارتی مظالم روکنے کیلئے فی الفور کردار ادا کرے، شیڈو وزیر نے کہا کہ پندرہ روز سے مقبوضہ کشمیر مکمل لاک ڈاؤن ہے، دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی مقبوضہ علاقےمیں تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس نے ثابت کردیا کہ کشمیر متنازع علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ادویات اور غذائی قلت پیدا ہو چکی ہے، بچوں کا دودھ نایاب ہے۔ کشمیر میں خاموشی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی ملک ہیں اور مقبوضہ ریاست فلش پوائنٹ ہے،یہ جنوبی ایشیا کیلئے خطرہ نہیں بلکہ پوری دنیا ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آئی گی اسلئے ضروری ہے کہ ایٹمی طاقتیں اور دیگر ممالک خاموش بیٹھنے کی بجائے مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایٹمی جنگ سے بچا جاسکے اور کشمیروں کی 72سالہ تحریک آزادی کو کامیاب بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت ’ہندوتوا‘ ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔