پاک فوج کے سپہ سالار قمرجاویدباجوہ کو توسیع دینے سے ملک مضبوط ہوگا، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی میں خوشی کی لہر

August 22, 2019

لندن (آصف ڈار) برٹش پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاک فوج کے سپہ سالار کو تین برس کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں غیریقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہوگیا ہے اور اب جنرل قمر جاوید باجوہ پوری دل جمعی کے ساتھ کشمیر اور افغانستان کے حوالے سے اپنے وژن پر عمل درآمد کرسکیںگے۔ جنرل باجوہ کی توسیع کی خبر سے کمیونٹی کے اندر خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے اخبارات و ٹی وی کے دفاتر میںفون کرکے اس حوالے سے اپنی خوشی سے آگاہ کیا۔ ممتاز کاروباری شخصیت اور کشمیری رہنما چوہدری محمد تاج رچیال نے اس توسیع پر اظہار اطمنان کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میںجنرل باجوہ کا فوجی سربراہ کے طور پر برقرار رہنا ضروری ہے کیونکہ انہوںنے جموں و کشمیر میںبھارتی فوج کے مظالم اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ پہلے فوجی سربراہ ہیں جنہوں نے بھارت کی آنکھوں میںآنکھیں ڈال کر اس کی جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور فوج کا ایک پیج پر ہونا بھی ملک کی خوش بختی ہے کیونکہ اگر ان کے درمیان اختلافات ہوںتو کشمیر اور افغانستان کے معاملات پر پیش رفت نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ادارے مل کر ہی مسئلہ کشمیر کو حل کرانے اور کشمیریوں پر بھارتی فوجی مظالم کو ختم کرانے کے لئے کام کرسکتے ہیں۔ چوہدری محمد تاج رچیال نے کہا کہ جنرل باجوہ کی شاندار فوجی قیادت کا اعتراف خود امریکہ نے کیا ہے اور افغانستان پر ان کی پالیسی کو سراہا گیا ہے۔ کمیونٹی و کاروباری شخصیات محمداعظم نے کہا کہ عمران خان کے اس فیصلے سے یقیناً بھارت کو مایوسی ہوگی کیونکہ جنرل باجوہ کی قیادت میں ہی فوج نے بھارتی طیاروں کو مارگرایا اور کامیاب حکمت عملی سے ساری دنیا میںنام کمایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک چالاک اور مکار دشمن ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی انتہائی احمق انسان ہیں۔ وہ کسی بھی وقت کوئی حماقت کرسکتے ہیں۔ مگر جنرل باجوہ ان کو سمجھ گئے ہیں اور ان کی قیادت میںپاک فوج بھارت کو اس کے مذموم عزائم میںکبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ برٹش پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کو ہمیشہ پاکستان کی فکر لاحق رہتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی مہم جوئی کا جواب پوری قوت کے ساتھ دے اور جنرل باجوہ میں اس طرح کی صلاحیتیںموجود ہیں۔