بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز ظلم کر رہا ہے، حافظ نعیم

August 23, 2019

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے بھارت کی جانب سے 370اور35Aکے قانون کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کے خلاف اور مظلوم کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار یکم ستمبر 3بجے دن شاہراہ فیصل پر ”آزادی کشمیر مارچ“کے سلسلے میں رئیس الجامعہ دارالعلوم کورنگی مفتی رفیع عثمانی، دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم و رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمٰن اور جامعہ ستاریہ کے مہتمم مولانا محمد سلفی سے ان کے مدارس میں ملاقات کی اور انہیں مارچ میں شرکت کی دعوت دی، علمائے کرام نے ”آزادی کشمیر مارچ“ کو وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی، اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد، مسلم پرویز، جمعیت اتحادالعلماء کے مولانا عبد الوحید، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات کے موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کیے جارہے ہیں، مسلسل کرفیو کی وجہ سے کشمیری یرغمال بنے ہوئے ہیں،آر ایس ایس کے غنڈوں کو کشمیریوں پر مظالم کے لیے بھیجا جارہا ہے،کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے تمام حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہوگا اورپاکستان کو کشمیر کا مقدمہ پر زور طریقے سے لڑنا ہوگا اس لیے ہم نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ”آزادی کشمیر مارچ“کا اعلان کیا ہے،کراچی کے عوام ”آزادی کشمیر مارچ میں شریک ہوکر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں، علمائے کرام جمعہ کے خطبے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کریں۔مفتی رفیع عثمانی نے کہاکہ افسوس کی بات70سال گزرگئے لیکن آج تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا، اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق دیا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں لیکن بھارت نے اقوام متحدہ کی قرارداروں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔