پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کوچنگ کیلئے اعجاز احمد مضبوط امیدوار

August 23, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے سابق ٹیسٹ بیٹسمین اعجاز احمد مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق ، عتیق الزماں نے بھی انٹرویو دیا تھا لیکن اعجاز احمد کی تقرری کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ 23 اگست سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ رواں سال 5 سے 14ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، کویت اور افغانستان کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں کوچ اعظم خان ہی ہوں گے۔گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور نیپال شامل ہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 ستمبر کو میچ کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف 5 ستمبر کو کھیلے گا۔ پاکستان اور کویت کی ٹیمیں 9 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ اے سی سی انڈر 19 کپ 5 سے 14 ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے اور ٹورنامنٹ کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں روحیل نذیر ، حیدر علی ، عامر علی ، ابو ہریرہ ،عبدالواحد ، اختر شاہ ، فہد منیر ، محمد عامر ، محمد عباس آفریدی ، محمد باسط علی ، محمد حارث ، محمد عرفان خان ، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ اور قاسم اکرم شامل ہیں۔