اپنے کچن میں رنگ بھرئیے

August 25, 2019

کچن گھر کا مسلسل استعمال ہونے والا حصہ ہے، جہاں صبح سے لے کر رات تک ہر فرد کا آنا جانالگا رہتا ہے، تاہم اس کی تزئین و آرائش کو اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ اگر آپ نے بھی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے کچن کو نظرانداز کیا ہوا ہے تو شاید اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے کچن پر تھوڑی توجہ دیں اور اسے اَپ ڈیٹ کریں۔ کچن کو ری ڈیکوریٹ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اس میں نئے رنگ بکھیر دیں۔ آپ اپنے کچن میں کس طرح رنگ بھرسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

دیواروں کا رنگ و روغن

غالباً کچن میں رنگ بھرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ اس کی دیواروں پر رنگ و روغن کردیا جائے۔ اس کے لیے ایک یا دو، بولڈ رنگوں کا انتخاب کریں اور کچن کی دیواریں ان سے سجادیں، آپ کا خرچہ صرف پینٹ کے دو، چار ڈبوں سے بڑھ کر کچھ نہیں آئے گا۔ اکثر لوگ کچن میں ایک رنگ کا استعمال کرنا بہتر تصور کرتے ہیں، اگر آپ بھی اسی سوچ کے حامی ہیں تو اس کیلئے تجویز دی جاتی ہے کہ اس بار ایک سے زائد بولڈ رنگ منتخب کریں اور اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کچن کو نئی جلا بخشیں۔

رنگ برنگی کیبنٹس

دیواروں کے بعد آپ اپنی توجہ کچن کیبنٹس کی طرف دیں کیونکہ یہ آپ کے کچن کے سب سے نمایاں فیچرز میں سے ہوتے ہیں۔ یہ کچن میںسب سے زیادہ جگہ لینے والے ہوتے ہیں اور اس میں رنگ بھرنے کے لیے سب سے بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔ کچن کیبنٹس کے معاملے میں اکثر لوگ بنیادی رنگوں کے ساتھ جُڑے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، جیسے سفید یا لکڑی کا عام رنگ۔ تاہم، اگر آپ کے کچن کی گیلری یا کھڑکی ہریالی اور سبزے میں کھلتی ہے تو آپ کچن کیبنٹس کو ہرا رنگ اور اگر آپ کا گھر ساحل سمندر کے قریب ہے اور آپ کے کچن کی گیلری یا کھڑکی سمندر کی طرف کھلتی ہے تو آپ کیبنٹس کو ہلکا نیلا رنگ کرکے باہر کے فطری ماحول کو اپنے کچن میں لاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، گہرے نیلے رنگ کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی لیکن یہ کچن کےکیبنٹس کے لیے بولڈ چوائس ثابت ہوتا ہے۔ کیبنٹس خراب ہونے کی صورت میںہربار ان پر نیا رنگ کیا جاسکتا ہے، جس سے کچن کو بھی ایک نیا لُک مل جاتا ہے۔

مونوکروم

اگر آپ اپنے کچن میں رنگوں کے انتخاب کو ایک ہی تھیم دینا چاہتے ہیں تو مونوکروم تھیم اپنائیے۔ ایک رنگ، جو آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے، اس کا انتخاب کرتے ہوئے اس کے شیڈز کی مکمل رینج کو اپنے کچن میں لے آئیں۔ رنگوں کو خود پر حاوی کرنے کے بجائے خود کو ان رنگوں میں ڈبو دیں، جیسے اگر آپ نیلے رنگ کا انتخاب کرتے ہیں تو فرش کے لیے اسکائی بلیو، اسٹول کے لیے ڈارک بلیو اور کیبنٹس کے لیے گرے بلیو وغیرہ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ صاف ستھرے رنگوں کا انتخاب کرکے آپ ثابت کرسکتے ہیں کہ کلرفل کامبی نیشن بھی کلاسک ہوسکتی ہے۔

پیٹرن کا انتخاب

کچن کے فرش کے لیے د و رنگوں کے ٹائل یا ماربل کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ سفید اور کالے رنگ کے ٹائلوں کا انتخاب کچن میں کمال خوبصورتی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، کاؤنٹر ٹاپ اور پچھلی دیوار کے لیے بھی بولڈ پیٹرن والی ٹائلوں یا وال آرٹ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

اینٹیک لُک

کیا آپ نے کبھی اس بات کو نوٹ کیا ہے کہ اگر کہیں قدیم زمانے کی اشیا رکھی نظر آئیں تو ان کی کشش ہمیں اپنی طرف متوجہ ہونے پر مجبور کردیتی ہے اور اگر یہ کہاجائے تو غلط نہ ہوگا کہ قدیم اشیا کا اپنا رنگ ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے کچن میں اینٹیک رنگ لانا چاہتے ہیں تو بہت ساری قدیم اشیا اپنے کچن میں لے آئیے، آپ دیکھیں گے کہ آپ کا کچن انتہائی دلچسپ اور رنگین بن جائے گا۔ اور اگر کبھی آپ کے کچن میں کوئی پُرانے زمانے کی چیزوں کو چاہنے والا آگیا تو آپ کو باتیں کرنے کے لیے ایک دلچسپ موضوع مل جائے گا اور ماضی کی یاد تازہ ہوجائے گی۔ اگر آپ اپنے کچن میں قدیم چیزیں رکھنا چاہتے ہیں تو کچن میں ’اوپن شیلف‘ نصب کریں تاکہ آپ اپنی قدیم اشیا کو بہتر طور پر ڈسپلے کرسکیں۔

مناسب قیمت میں اَپ گریڈ

یقیناً، آج کے دور میں ہر شخص کی جیب اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنے کچن کا مکمل طور پر میک اوور کرواسکے یا اگر آپ کرائے کے اپارٹمنٹ یا گھر میں رہتے ہیں تو آپ یہ سوچیں گے کہ آپ دوسرے کے گھر پر سرمایہ کیوں لگائیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ رنگوں کے ساتھ تجربات کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ بولڈ رنگوں کے بارے میں اتنے پُریقین نہیں۔ ایسی تذبذب کی صورتحال اور محدود بجٹ کے مسائل سے بچنے کے لیے آپ کم قیمت اَپ گریڈز پر غور کرسکتے ہیں۔ مثلاً کیبنٹس کو تبدیل کرنے کے بجائے صرف ان کے ہینڈل تبدیل کردیں، آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ اس کے نتائج اس قدر شاندار ہوسکتے ہیں۔