بلوچستان: جائیدادوں کی خرید و فروخت کی تفصیلات طلب

August 24, 2019

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نےبلوچستان کے پوش علاقوں میں جائیدادوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کی تفصیلات طلب کر لیں اور تمام فیلڈ فارمیشنز کو متحرک ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذمے دار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے بھرپور اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور اس ضمن میں پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سبی، حب اور لورالائی کے پوش علاقوں میں جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو درکار تفصیلات کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کنٹونمنٹ بورڈ اور متعلقہ علاقوں کے لینڈ رجسٹرارز سے طلب کی گئی ہیں جس کے لیے متعلقہ محکموں کو مراسلے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں ایف بی آر نے اپنا عملہ بھی متعین کیا ہے جو مذکورہ علاقوں کی معلومات حاصل کرے گا جس کی بنیاد پر نادہندگان کو نان فائلر کے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

گوشوارے جمع نہ کرنے والوں کےخلاف انکم ٹیکس آرڈیننس 2002ء کے سیکشن114(4) کے تحت کارروائی کی جائے گی اور نادہندگان سے انکم ٹیکس قوانین کے سیکشن (116) کے تحت جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں گی۔