جرمن بحریہ کے ایئر کرافٹ کا دورہ بہتر تعلقات کا عکاس ہے،پاک بحریہ

August 25, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جرمن P3C (لانگ رینج میری ٹائم پٹرول) ایئر کرافٹ کا نیول ایئر بیس پی این ایس مہران کا دورہ اختتام پذیر ہوگیا،پاک بحریہ ترجمان کے مطابق جرمن بحریہ کے ایئر کرافٹ کی جانب سے یہ دورہ خیر سگالی بہتر دو طرفہ تعلقات کا عکاس ہے اور دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا مظہر ہے،پی این ایس مہران پہنچنے پر 28 میری ٹائم اسٹرائک اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر اور عملہ کی جانب سے جرمن جہاز P3C کے عملے کا شاندار استقبال کیا گیا،دورے میں جرمن جہاز کے عملے سے پیشہ ورانہ اور سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں میری ٹائم انٹر ڈکٹری آپریشنز (ایم آئی او)، سرچ اینڈ ریسکیو (ایس اے آر)، اینٹی سب میرین وار فیئر، نگرانی اور فضائی آپریشنز کی تربیت کے طریقہ کار پر گفتگو شامل تھی،جرمن اور پاک بحریہ P3C کے عملے نے پاک بحریہ فلیٹ اسٹاف کے ہمراہ کراچی میں جرمن قونصلیٹ کی جانب سے منعقد کردہ ڈنر میں بھی شرکت کی، پاک بحریہ اور فضائیہ کی تاریخی کامیابیوں سے متعلق جاننے کے لئے جرمن عملہ نے میری ٹائم اور پی اے ایف میوزیم کا بھی دورہ کیا، جرمن وفد کے اعزاز میں کمانڈر نیول ایوی ایشن کی جانب سے ڈنر کا انعقاد بھی کیا گیا،جرمن بحریہ کے P3C جہاز کا یہ دورہ پاکستان اور جرمن بحریہ کے بحری اشتراک کا عکاس ہے،جرمن بحریہ کے P3C کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔