کراچی: نارتھ ناظم آباد، تین ہٹی پر ترقیاتی کام جاری، ٹریفک روانی متاثر

August 26, 2019

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی اور تین ہٹی کے قریب ترقیاتی کام کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی پر بوجہ ترقیاتی کام ٹریفک کا دباؤ ہے، ٹریفک کی روانی بحال کروانے کے لیے عملہ موجود ہے۔

دوسری جانب تین ہٹی سے گرومندر جانے والی سڑک تعمیراتی کام کے باعث بند ہےجس کی وجہ سے گرومندر سے تین ہٹی اور لیاقت آباد جانے والی سڑک پر ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے تین ہٹی سے آنے والے ٹریفک کو مارٹن روڈ اور جیل گیٹ کی جانب موڑا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کے شدید دباؤ کی وجہ سے ان علاقوں میں سفر کرنے والے شہری ازیت کا شکار ہیں اور انہیں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام کا سامنا رہتا ہے۔