وزیر اعظم کی کشمیر یکجہتی کال پر کراچی میں کاروبار بند

August 30, 2019

کراچی کے کاروباری شعبے نے وزیراعظم عمران خان کی کشمیر سے یکجہتی کال پر بھرپور طریقے سے لبیک کہتے ہوئے شہر کے مالیاتی، تجارتی اور صنعتی علاقے بند رکھے۔

وزیراعظم عمران خان کی کال پر 12 بجے کراچی کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے بند ہوگیا، پورٹ، اسٹاک ایکسچینج، اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکس سب بند ہوگئے۔

گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کی قیادت میں مرکزی بینک کا پورا عملہ یکجہتی کے لیے دفاتر سے باہر آگیا، آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹاور سے شاہین کمپلیکس تک تمام مالیاتی اداروںکی افرادی قوت بھی سڑکوں پر تھی۔

مالیاتی شعبے کے ساتھ تجارتی مراکز اور صنعتی سرگرمیاں بھی بند رہیں، شہر میں تاجروں کی سب سے بڑی انجمن کراچی چیمبر بند رہا، تاجر وں نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

کورنگی ایسوسی ایشن کے صنعت کاروں کی ریلی کے بھی کچھ ایسے ہی مناظر رہے، ملک کے تجارتی شہر کے ہر حصہ نے وزیراعظم عمران خان کی کال پر کشمیر سے یکجہتی کے لیے اپنے کاروبار کو بند کر دیا تھا۔