بلوچستان میں پولیوکا نیا کیس سامنے آگیا

September 04, 2019

صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا ہے، صوبائی محکمہ صحت نے تصدیق کر دی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ شہر کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ میں 17 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے، بچے کے والدین پولیو ویکسین پلانے سے انکاری تھے۔

بلوچستان کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق رواں سال قلعہ عبداللّٰہ میں پولیو کیسز کی تعداد 3 اور صوبے میں 5 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں بھی پولیو کا نیا کیس سامنے آ چکا ہے۔

ترجمان ادارہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کی روک تھام کامران آفریدی کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی ہے، پولیو کیسز کی بڑی وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے۔

کامران آفریدی کا کہنا تھا کہ تمام چیلنجز کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمہ کے لیے پرعزم ہے ، بچوں کے والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ گمراہ کن پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں۔