اسمارٹ فون کا کارآمد استعمال

September 15, 2019

اکیسویں صدی میں اسمارٹ فون کے بغیر ماڈرن لائف اسٹائل کا تصور ہی نہیں کیا جاتا۔ آج دنیا بھر میں چار ارب سے زائد لوگ موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔ دنیا کی بیشتر کمپنیاں مختلف شعبہ جات میں اسمارٹ فون سے استفادہ حاصل کررہی ہیں۔ کاروباری شیڈول متعین کرنا ہو، تفریح حاصل کرنا مقصد ہو یا پھر ضروریات زندگی، تمام امور کیلئے اسمارٹ فون بہترین انتخاب تسلیم کیا جانے لگا ہے۔

اسمارٹ لائف اسٹائل

موبائل فون نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بلند اور معیاری سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج اسمارٹ فون کی مدد سے ہم مختلف سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ موبائل فون عام افراد کی زندگی میں کئی طرح سے مددگار ہوتا ہے، مثلاً آپ نے کہیں جانا ہو تو چند منٹوں میں ہی بُک کی گئی گاڑی آپ کے گھر کے باہر کھڑی نظر آتی ہے،یوٹیلیٹی بلز ہوں یا موبائل بلز ان کی ادائیگی کے لیے اب گھنٹوں قطاروں میں لگ کر انتظار نہیں کرنا پڑتا بلکہ گھر بیٹھے ہی ای بینکنگ کے ذریعے آپ کے تمام بلز بآسانی ادا ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ بینکاری کے ذریعے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل جاننا ہو،رقم کی منتقلی ہو یا رقم کی وصولی، ایپ کی مدد سے مطلوبہ برانچ جائے بغیر گھر بیٹھے تمام کام سیکنڈوں میں ہوجاتے ہیں۔

طالب علموں کیلئے سہولت

تعلیم کے شعبے میں اس جدید ٹیکنالوجی کا اثر سب سے زیادہ دیکھا جارہا ہے۔ اسمارٹ فون ایک طالب علم کی زندگی پر مثبت اور منفی دونوں قسم کے اثرات مرتب کرتا ہے۔منفی اثرات کا انحصار انسان کی اپنی ذات سے منسلک ہے جبکہ مثبت اثرات وسعت لیے ہوئے ہیں۔ طالب علموں کے پاس موجود اسمارٹ فون انفارمیشن کا خزانہ لیے ہوئے ہے، جس سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے مدد لی جاسکتی ہے۔

چونکہ جدید دور سائبر اسکول یااسمارٹ اسکول کا ہی ہے۔ لہٰذا ٹیکنالوجیز سے آراستہ کلاس روم میں بھی موبائل فون کا استعمال ناگزیر ہے۔ سائبر اسکول کی تعارفی کلاسز انٹرنیٹ پر ہی دستیاب ہوتی ہیں، موبائل فون کے ذریعے ایک طالب علم کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ ان کلاسز ، لیکچرز یا نوٹس سے استفادہ کرسکتا ہے۔ طالب علموں کوکسی موضوع پر معلوماتی مضمون درکا ر ہو، کوئی تصویر چاہیے ہو یا کسی موضوع پر ویڈیو، اسمارٹفون پر آپ کو ضرورت کی ہر چیز اور معلومات مل سکتی ہیں۔

بچوں کی کارکردگی پر نظر

ایک استاد اور طالب علم کا رشتہ جتنا گہرا ہوتا ہے اتنا ہی گہرا تعلق استاد کا والدین سے ہونا بھی ضروری ہے۔ اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے استاد کو والدین سے رابطے میں رہنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ہائی اسٹینڈرڈ اسکول میں مختلف موبائل ایپس کی بدولت بچے، اساتذہ اور والدین ایک ہی وقت میںایک دوسرے سے منسلک رہ سکتےہیں ۔یہ ایپس سوشل میڈیا ایپس کی طرح ہی کارآمد ہیں، جن پراساتذہ بچوں کا ہوم ورک یا اسائنمنٹ شیئر کرتے ہیں اور والدین ذہن میں اُٹھنے والے سوالات یا کسی بھی معاملے پر اساتذہ سے بات کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب بچوں کا غیرضروری طور پر اسمارٹ فون استعمال کرنا والدین کیلئے ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔ گوگل کمپنی کی متعارف کردہ نئی اینڈرائیڈ ایپلی کیشنFamily Link کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ پر مزید کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں۔ ایپلی کیشن میںRemote locking فیچر کے ذریعے بچوں کے لیے روزانہ موبائل فون استعمال کرنے کا دورانیہ بھی مقرر کیا جا سکتا ہے، ساتھ ہی انسٹال ایپلی کیشنز بھی کنٹرول کی جاسکتی ہیں۔

کیریئر میں معاون

حالیہ دور میں دنیا بھر میں متعدد شعبے ایسے ہیں جن میں اسمارٹ فون کی آمد حیران کن تبدیلیوں کا سبب بنی ہے۔ اسمارٹ فون کے ذریعے خبروں کی رپورٹنگ آسان اور بروقت ہوگئی ہے۔ صحافت کا روشن مستقبل موبائل جرنلزم ہی کو تسلیم کیا جارہا ہے، جس میں رپورٹنگ کے علاوہ ایڈیٹنگ کا کام بھی موبائل کے ذریعے ہی ممکن ہوجائے گا۔ اس حوالے سے دنیا بھر میں صحافیوں کی بڑی تعداد کو مختلف ورکشاپ کے ذریعے اسمارٹ فون کے مختلف فیچرز کا استعمال سکھایا جارہا ہے۔ بینکاری کا بھی اسمارٹ فون سے مستفید ہونے والے شعبہ جات میں شمار ہوتا ہے، جس کی جدید شکل ای بینکنگ ہے۔ اسمارٹ فون لانچ ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد ای بینکنگ بے حد مقبولیت پاگئی تھی۔ آج عوام اپنی رقوم کی ترسیل ای بینکنگ کے ذریعے کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ زرائع آمدورفت میںسہولت کیلئے بھی اسمارٹ فون اہم کردار ادا کررہا ہے۔