عالمی برادری بھارت پرتجارتی پابندیاں عائد کرے، ثروت اعجاز

September 15, 2019

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر معاشی واقتصادی اور تجارتی پابندیاں عائد کرے،کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، وزیر اعظم پاکستان کے عالمی برادری سے بھارت پرتجارتی پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، جو عالمی طاقتیں بھارت سے تجارتی فوائد کو انسانی زندگیوں سے زیادہ اہم سمجھتی ہیں وہ امن پسند نہیں ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کی آڑ میں 41روز سے کرفیو لگا کر عوام کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے،کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے دنیا بھارت پر دباؤ ڈالے۔