لیاری کراچی کی ماں، 30سال سے استحصال کا شکار ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

September 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ لیاری کی تحریک پورے کراچی اور پاکستان کی تحریک ہے،لیاری کراچی کی ماں ہے،کراچی کی خوشحالی لیاری کی خوشحالی سے ہی وابستہ ہے،کرپٹ حکمرانوں نے 30سال سے لیاری کا استحصال کیا ، لیاری کو پیرس اور لندن بنانے کے دعویداروں نے لیاری کو کچھ نہیں دیا،حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے آج کراچی کا نام کچراچی رکھ دیا گیا اور تمام پارٹیاں کراچی کے کچرے پر سیاست کررہی ہیں، کراچی میں کچرے پر سیاست کرنے والوں کی سیاست ہی کچرا ہے،لیاری کے حقو ق کے لیے لگائے گئے کیمپ کی حمایت کرتے ہیں اور اگر مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانا پڑا تو بھرپور شرکت کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کو حقوق دو تحریک کے سلسلے میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے چوتھے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، چیئرمین یوسی 6فضل الرحمن، وائس چیئرمین فرنٹیئر موڑ عبد الجلیل، نائب ناظم لیاری امین بلوچ، ناظم علاقہ اولڈ سٹی ایریا فتح محمد، جماعت اسلامی گارڈن کے ناظم فیصل میمن، پبلک ایڈکمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد، جواد شعیب اور جان محمد نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی کیمپ میں لیاری کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔