گاڑیوں پر نیلی بتی اور کالے شیشے لگانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

September 18, 2019

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)سی پی او راولپنڈی فیصل رانا نے پرائیویٹ گاڑیوں پر نیلی بتی اور کالے شیشے لگانے والوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا۔ پولیس لائنز میں پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ گاڑیوں پر لگی نیلی بتیوں اور کالے شیشے رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جا رہا ہے ۔ دریں اثناءسی پی او نے ضلع بھر کے تھانوں میں زیر تفتیش مقدمات کی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر فوری مقدمات درج اور گرفتاریاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے ۔یہ بات کسی بھی صورت قابل قبول یا قابل برداشت نہیں کہ کوئی پولیس والا مدعی یا ملزم پارٹی سے ریڈکرنے یا دیگر عنوانات کے تحت رقم یا وسائل کا تقاضا کرے اگر اس طرح کی شکایت سچ ثابت ہو گئی تو پولیس والوں کے خلاف میں خود مقدمات درج کرواؤں گا۔