مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی، صدر مملکت

September 18, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی ہے۔

نیشنل پارلیمنٹرین کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو غیرقانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی اقدام اٹھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج اپنی تاریخ سے جنگ کررہا ہے، اس نے آسام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کردیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کشمیر کی آزادی کے لیے کوشاں ہیں، بھارت میں کوئی کشمیر کی بات کرے تو اس کا جینا حرام کردیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہندو تعصب کو بھانپ کر الگ مملکت بنانے کا تہیہ کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر نہیں دبایا جاسکتا، کشمیر کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے، تنازع کے حل کی طرف جانا ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن بھیجے جبکہ بھارت یو این کے فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص موبائل فون کے ذریعے بھارتی مظالم دنیا تک پہنچائے۔