شراب کی فی یونٹ قیمت کا اثر، ہلاکتوں کی شرح میں 20 فیصد کمی

September 20, 2019

لندن( پی اے ) ایک نئی ریسرچ رپورٹ کے مطابق شراب کی فی یونٹ کم از کم قیمت کے تعین کے نتیجے میں گلاسگو میں شراب نوشی کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح میں 20فیصدکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سکاٹ لینڈ میں مئی2018 میں قانون نافذ کیاگیاتھا جس کے تحت ایک یونٹ شراب کی کم ازکم 50پنس فی یونٹ مقرر کردی گئی تھی۔جگر کی سٹڈی سے متعلق برٹش ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں بتایا گیاہے کہ گلاسگو میں2017 اور 2018 کے دوران شراب نوشی کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی شرح میں 21.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور ہلاکتوں کی تعداد 186سے کم ہوکر146 رہ گئی۔بی اے ایس ایل کے صدر ماتھیو کریمپ کا کہناہے کہ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ شراب کی کم از کم فی یونٹ قیمت پر عملدرآمد کے اثرات ظاہر ہوئے ہیں،انھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی مناسب قدم تھا جس سے بہت زیادہ شراب پینے والوں کی صحت بہتر ہوئی ہے اور جن لوگوں کو شراب نوشی کی وجہ سے نقصان پہنچتا ہے وہ اس سے محفوظ رہیں گےگلاسگو میں شراب نوشی کی وجہ سے ہونے والی 44 فیصد اموات مئی 2018کواس قانون کے نفاذ سے قبل کی تھیں۔سکاٹ لینڈ دنیا کاپہلا ملک ہے جس نے برٹش لیور ٹرسٹ سمیت سحت سے متعلق مختلف تنظیموں کی جانب سے چلائی گئی مہم کے بعد شراب کی کم از کم فی یونٹ مقرر کی ہے۔سکاٹ لینڈ کی لب ڈیم نے اس قانون کے نفاذ کے وقت کہاتھا کہ اس سے شراب بہت زیادہ مہنگائی ہو جائے گی۔