ضلع کونسل میں کروڑوں روپے کی خورردبرد کا انکشاف

September 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع کونسل ملتان میں3 بار ایمرجنسی کا نفاذ کرکے کروڑوں روپے کی خورردبرد کا انکشاف ہوا ہے، خود ساختہ اوورسیئر کے عہدے پر کام کرنیوالے سعید بھٹی نے ڈی سی آفس کے چہیتے ٹھیکیدار مشتاق ترین کو نوازنے کیلئے محرم پر کھانے کے بل کی ادائیگی کیلئے 90لاکھ روپے کے بل تیار کرنا شروع کردیئے ہیں ، ضلع کونسل میں نشتر 2کے افتتاح ، منڈی مویشی لگانے اور محرم کے موقع پر چاول تقسیم کرنے کیلئے 3 بار ایمرجنسی لگائی گئی،یہ ایمرجنسی3 مختلف چیف آفیسر ضلع کونسل نے لگائی تھی لیکن تینوں بار ہی صرف ایک ہی ٹھیکیدار کو نواز ا گیا ، نشتر ٹو کے افتتاح کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورے کے موقع پر انتظامات کئے گئے ،ضلع کونسل اور کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی سے ڈی سی کے چہیتے ٹھیکیدار مشتاق ترین نے لاکھوں وصول کئے اسی طرح عیدالاضحیٰ کے موقع پر خود منڈی مویشیاں لگانے کیلئے 50لاکھ روپے بھی مشتاق ترین نے وصول کئے اسی طرح محرم پر مشتاق ترین نے 60دیگیں تقسیم کرنے کیلئے دی جبکہ 30ہزار کھانے کے ڈبوں کے بل وصول کرنے کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، سینئر اوورسیئر سعید بھٹی نے ہر ایمرجنسی کی مد 3 لاکھ روپے حصہ وصول کرکے ٹھیکہ دار کو بل نکلوانے میں تمام ممکنہ مدد فراہم کی ، سعید بھٹی نے کہا ہے کہ میں نے ڈی سی کے احکامات کی پیروی کی ہے اگرغیر قانونی اقدامات کئے گئے ہیں تو ڈی سی سے پوچھا جائے میں کسی کو جواب دہ نہیں ہوں۔