گھر کی بالکنی کو استعمال میں لائیں

September 28, 2019

بالکنی آپ کےگھر کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے، جسے اندر سے صاف ستھرا اور باہر سے خوبصورت نظر آنا چاہیے تا کہ لوگ اس کی مثال دیں۔ اگر آپ کسی ماہر تعمیرات کی مدد سے اپنا گھر بنوا رہے ہیں، تو یقیناً گھر کے مختلف حصوں میں اپنی مرضی اور سہولت سے گنجائش رکھوا سکتے ہیں لیکن اگر آپ تعمیر شدہ گھر خرید رہے ہیں تو پھر آپ کو کچھ حد تک سمجھوتہ کرنا پڑے گا۔

آجکل جو گھر بنائے جا رہے ہیں، وہ ویسے تو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں مگر بعد میں یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ انہیں کس طرح منظم کرکے رکھتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو گھر کی بالکنی کو منظم کرنے اور اس کے استعمال کے مؤثر طریقے بتاتے ہیں۔

الماری

اگر بالکنی بڑی ہے اور اس میں گنجائش موجود ہے تو آپ ایک خوبصورت اور جدید طرز کی الماری بنوا سکتے ہیں تاکہ گھر کا وہ سامان جو روز مرہ استعمال میں نہیں آ رہا، اسے اس الماری میں رکھ دیں اور اس کی بیرونی سطح پر خوبصورت فارمیکا لگائیں یا رنگ کرلیں۔ اس طرح نہ صرف فالتو سامان ٹھکانے لگ جائے گا بلکہ ایک طرف بنی الماری سے بالکنی کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

بالکنی میں الماری رکھنے کے لیے آپ کے پاس کئی آپشنز موجود ہیں، جن میں سے آپ کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ ایسی الماری کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، جو فرش سے لے کر چھت تک دیوار کے ساتھ بنی ہو، جبکہ اس کے خانوں کے لیے فولڈنگ یا ریلنگ ڈیزائن بنوایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ نے الماری کو سجاوٹ کے لیے رکھنا ہے تو دیوار کے ساتھ صرف شیلف لگا کر خوبصورتی اور اسٹوریج، دونوں مقصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

باغبانی

اگر آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور آپ کے پاس باغبانی کا شوق پورا کرنے کے لیے کوئی اور جگہ دستیاب نہیں ہے تو کوئی بات نہیں، باغبانی کے لیے بالکنی سے بہتر اور کوئی جگہ ہوہی نہیں سکتی۔ خوبصورت اور مناسب سائز کے گملے بالکنی کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں، ان گملوں میں مختلف طرح کے چھوٹے چھوٹے پودے اور پھول لگا لیں تو بالکنی کی خوبصورتی بڑھ جائیگی۔

اس کے علاوہ چھت سے لٹکائے گئے چھوٹے گملوں میںخوبصورت پتیاں اور خوشنما چھوٹے پھول بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ مزید برآں، بالکنی میں باہر کی طرف لوہے یا اسٹیل کی جالی لگا کر ان رنگ برنگے گملوں میں آپ چھوٹے پھول لگاسکتے ہیں، جو آپ کی بالکنی کی خوبصورت کو چار چاند لگا دیں گے۔

بچوں کے کھیلنے کی جگہ

بچوں کو کھیلنے کے لیے کئی جگہیں چاہیے ہوتی ہیں۔ بچے اپنے کمروں میں کھیلنا کودنا پسند کرتے ہیں، وہ گھر کے لان میں خوب موج مستیاںکرتے ہیں، تاہم تبدیلی کے لیے بالکنی کو بچوں کے کھیلنے کے لیے ترتیب دینا بھی ایک اچھی سوچ ہوسکتی ہے۔

اس طرح بچوں کو کھیلنے کے لیے ایک اور جگہ میسر آجائے گی۔ ادھر ادھر کھیلنے کے برعکس، آپ کے بچے جب تک بالکنی میں ہوں گے، محفوظ رہیںگے اور آپ کو ان پر نظر رکھنے کی ضرورت کم کم محسوس ہوگی۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی بالکنی میںمکمل طور پر لوہے کی گرل لگی ہو یا پھر کسی اور حفاظتی طریقے سے اسے کور کیا گیا ہو۔

پانی اسٹوریج

بالکنی کے ایک کونے کو آپ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم بالکنی میں آپ جو بھی واٹر ٹینک رکھیں، وہ خوبصورت، پائیدار اور جگہ کے لحاظ سے مناسب سائز کا ہونا چاہیے۔ بالکنی میں رکھنے کے لیے لوہے کے ٹینک کے مقابلے میں فائبر یا پلاسٹک سے بنا ٹینک زیادہ بہتر رہے گا۔ ٹینک کا سائز ایسا ہونا چاہیے کہ وہ بالکنی میں بے ڈھنگا محسوس نہ ہو، ورنہ بالکنی کی ساری خوبصورتی کا خراب ہوجائے گی۔

روشنی کا اہتمام

رات کے وقت بالکنی میں اندھیرا بے حد بُرا لگتا ہے، اس کے لئے معقول روشنی کا انتظام کرنا ضروری ہے۔ رنگین اور جدید وضع کے بلب لگا کر اس کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ بالکنی کے اندر چھوٹے یا درمیانے سائز کے بلب لگا کر رکھیں تو اس سے نکلنے والی دودھیا روشنی آپ کی بالکنی کو بہت خوبصورت ماحول فراہم کریگی اور دور سے دیکھنے والے اس جدید وضع کی بالکنی کو دیکھ کر متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

چائے ٹائم

صاف ستھری بالکنی میں بیٹھ کر چائے پینے کا ایک الگ ہی مزہ ہے۔ آپ پلاسٹک کی درمیانے سائز کی خوش رنگ کرسیاں اور فولڈنگ میز رکھ کر اپنے گھر کے افراد یا نزدیکی احباب کے ساتھ بیٹھ کر چائے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور باہر کا نظارہ بھی کرسکتے ہیں۔ بالکنی میں رکھا ہوا آپ کا ہلکا پھلکا فرنیچر آپ کے دوستوں کو آپ کے گھر چائے کے لئے آنے پر مجبور کردیگا۔