مہاتیرمحمد نے بھارتی مطالبہ مستردکردیا

October 09, 2019

ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کشمیر سے متعلق اپنا بیان واپس لینے کا بھارتی مطالبہ مسترد کردیا۔

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیر کا تنازع کیسے حل کرنا ہے، جب ہم کوئی بیان دیتے ہیں تو اس کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ دونوں فریقین تشدد سے اجتناب کر کے مسئلہ بات چیت سے حل کریں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کہا تھا کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو مجھ سے رابطہ کریں مگر تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے جنرل اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود جموں کشمیر پر قبضہ کرنا غلط ہے۔

بھارت میں مہاتیر محمد پر اس تقریرکی وجہ سے کڑی تنقید کی گئی تھی۔