امریکا اور چین بہت ہی اہم پہلے مرحلے کی ڈیل تک پہنچ گئے، ٹرمپ

October 13, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین بہت ہی اہم پہلے مرحلے کی ڈیل (very substantial phase one deal) تک پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو موثر ہونے والے ٹیرف ختم ہوگئے ہیں اور بازاروں نے خوشی کا اظہار کیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں چین کے نائب وزیر اعظم لائی ہی کے ساتھ ملاقات کے دوران اعلان کیا کہ پہلے مرحلے کی ڈیل میں انٹلیکچوئل پراپرٹی، فنانشل سروسز اور زرعی خریداری شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اصل معاہدہ تحریر کرنے میں پانچ ہفتے لگ سکتے ہیں۔ 250ارب ڈالرز چینی سامان پر 25سے بڑھا کر 30 فیصد ٹیرف میں اضافے کا منصوبہ جسے اگلے ہفتے سے موثر ہونا تھا ختم کردیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ چین نے زرعی خریداری میں 40 تا 50ارب ڈالرز خریداری کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور دونوں ممالک کرنسی ایشوز پر معاہدے تک پہنچ گئے ہیں۔