سیکنڈ الیون ٹی20: سدرن پنجاب اور سندھ کی فتوحات

October 15, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب اور سندھ نے اپنے میچ جیت لئے۔ پیرکو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔200 سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے اوپنر ذیشان اشرف نے 63 گیندوں پر ناقابل شکست 127 رنز اسکور کیے، انہوں نے 11 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب نے مقررہ ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ دوسرے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ناکام ٹیم نے 169رنز بنائے۔ عظیم گھمن نے 48 گیندوں 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کیے۔سندھ نےہدف18.5 اوورز میں 5 وکٹ پرحاصل کرلیا۔ محمد وقاص نے 26 گیندوں پر 47 رنز4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اسکور کیے۔