این آئی سی وی ڈی کراچی کے دسویں چیسٹ یونٹ کا افتتاح

October 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات ومحنت سعید غنی نےگودھراسوسائٹی نیوکراچی میں این آئی سی وی ٹی کےدسویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب میں ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم قمر ودیگر بھی موجود تھے۔اس مو قع پر میڈیا سے با ت چیت کرتے ہو ئے انہو ں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی دنیامیں امراض قلب کاسب سے بڑا ادارہ ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت آنے کے بعد اس وقت 8 شہروں میں کام کر رہا ہے۔ نیو کراچی جیسے گنجان آباد میں مراکز بنانےکا کام ایک بڑا چیلنج ہے اور یہ چیلنج این آئی سی وی ڈی نے قبول کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کے ان تمام یونٹس میں100فیصد مفت علاج ہوتاہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمرکا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کےلیےشہر میں مزید چیسٹ پین یونٹ قائم کیے جائیں گے۔