شہری غیر محفوظ خیابان سر سید میں ڈاکوئوں کی فائرنگ ایک شخص جاں بحق

October 17, 2019

راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) تھانہ پیرودھائی کے علاقہ خیابان سرسید میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔جب کہ دیگروارداتوں میں شہری چارگاڑیوں ،ایک رکشے،دوموٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات اورنقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ۔ اسلام آباد سے بھی دو موٹر سائیکل چوری ہو گئے۔ذرائع کے مطابق بدھ کوعلی الصبح تین مسلح ڈاکوخیابان سرسید سیکٹر فور اےمیں واقع مکان نمبربی171میں داخل ہوئے اورمزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے محسن نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔تھانہ سٹی کے علاقے میں موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر خاتون ٹیچر کے بازوؤں سے طلائی کڑے مالیتی 4 لاکھ روپے کٹر سے کاٹ لیے اور موٹرسائیکلوں پرفرار ہو گئے ۔ تھانہ مورگاہ کو ثاقب سلیم نے بتایا کہ وقاص گھر کی الماری میں سے 15لاکھ روپے چوری کرکے لے گیا۔تھانہ ٹیکسلا،تھانہ چونترہ کے علاقوں میں سٹریٹ کرائم اور چوری کی وارداتوں میں شہری لٹ گئے۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے آئی ایٹ فور میں دو مسلح موٹرسائیکل سوار امیر معاویہ سے موبائل فون مالیت ڈھائی لاکھ روپے چھین کر لے گئے۔ سبزی منڈی پولیس نے یوسف ہارون کی رپورٹ پر راشد علی اور طاہرہ یاسمین کے خلاف 32 لاکھ روپے فراڈ اور ڈیرھ لاکھ روپے مالیت کے دو لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ ڈیوائس چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ مختلف واقعات میں چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات درج کرلئے گئے۔