آئی جی تقرری، نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے کیلئے سندھ حکومت کو مہلت

October 18, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ سید کلیم امام کی تقرری کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے، بااختیار بنانے سے متعلق سندھ حکومت کو جواب کے لیئے مہلت دیدی۔ عدالت نے سندھ حکومت کو 12 نومبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ دو رکنی بنچ کے روبرو آئی جی سندھ سید کلیم امام کی تقرری کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے، بااختیار بنانے سے متعلق سماجی شخصیات اور شہریوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ حکومت نے جواب داخل کرنے کے لئے مہلت طلب کرلی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ چیف سیکرٹری سمیت سب کو جواب کے لیے خطوط لکھ دیئے ہیں۔ کم از کم ایک ماہ کا وقت دے دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے یہ زیادہ وقت ہو جائے گا، آپ بروقت جواب جمع کرائیں۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ عدالت نے آئی جی کو با اختیار بنانے سے متعلق قانون سازی کی ہدایت کی عدالتی حکم پر پولیس آرڈر 2002 کی بحالی اور ترمیم سے متعلق قانون سازی ہوئی۔