اسٹیل ٹاؤن،چہل قدمی کرنے والے مریض کو لوٹنے والے پولیس اہلکار گرفتار

October 18, 2019

کراچی( اسٹاف رپورٹر )اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں پولیس اہلکاروں نے چہل قدمی کرنے والے مریض کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا ، متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے،تفصیلات کے مطابق داؤدد شورو گوٹھ کے رہائشی مویشی کے بیوپاری ممتاز علی نے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درخواست دی کہ 15اکتوبر کی رات وہ اپنے کزن شہزاد کے ساتھ سچل ہوٹل نیشنل ہائی وے چائے پینے گیا تھا ،وہ بیمار ہے اور اسپتال میں اسکا علاج چل رہا ہے ،ڈاکٹروں نے چہل قدمی کرنے کا کہا ہے جس پر میں نیشنل ہائی وے پر چہل قدمی کر رہا تھا کہ اس دوران وردی میں ملبوس دو پولیس اہلکار جو موٹر سائیکل پر سوار تھے میرے پاس آئے اور مجھے اسلحے کے زور پر قریب جھاڑیوں میں لے گئے اور مجھے کہا کہ تمھارے ساتھ کون کھڑا تھا جس پر میں نے کہاکہ میں اکیلا ہوں اور کزن کے ساتھ سچل ہوٹل پر چائے پینے آیا تھا،اس دوران پولیس اہلکاروں نے میری جیب سے 9ہزار روپے نکال لیے اور مجھے بلیک میل کرنے کے لیے اپنے موبائل فون میں میری وڈیو بھی بنائی ، پولیس نے ممتاز علی کی درخواست پر سپاہی ایاز اور سپاہی امیر نواب کے خلاف ڈکیتی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر484/2019درج کرلی ہے اور دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔