دھرنے والوں کے خلاف حکومت تیاریا ں مکمل کرچکی، فردوس عاشق

October 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

دھرنے والوں کے خلاف حکومت تیاریا ں مکمل کرچکی، فردوس عاشق

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ریاست کے اندر ریاست قائم کرنا اور نجی ملیشا بنانا نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی ہے، جتھے بازی اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف صوبائی حکومتیں اپنی تیاریاں مکمل کرچکی ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی عوام کےجان و مال کے تحفظ کی ذمے داری ہرصورت پوری کرے گی، ملک بھر کے مزاروں پر چندہ باکس کو ریگولیٹ کر کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ فعال ہے، حکومت کام کر ہی ہے اور مسلح افواج ملکی دفاع کو یقینی بنا رہی ہیں، پھر احتجاج کیوں کیا جا رہا ہے؟

معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کسی جتھے بازی کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنیں گے نہ بننے دیا جائے گا، جو ہاتھ یرغمال بنانے کےلیے آگے بڑھیں گے تو ریاست ان کے خلاف ایکشن کرے گی۔

فروس عاشق اعوان نے کہا کہ دھرنے والوں کو کنٹینر دینےکی بات بعد میں ہوگی پہلے ان سے یہ پوچھیں کہ مارچ کے لیے آرہے ہیں یا دھرنے کے لیے، یہ تو خود کنفیوژہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کےآرٹیکل 256 کے تحت شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی ذمے داری حکومت پوری کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کو ایک لاکھ ٹن اضافی گندم کی فوری فراہمی، چینی کی قیمتوں میں کمی اورعوام کو بنیادی اشیائے ضرورت کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی لوٹ مار اور عوام کے ووٹ نے بھٹو کو لاڑکانہ میں دفن کردیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ علماء کی جمعہ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کو دھرنے سے نمٹنے کے تناظر میں غلط رنگ دینا مناسب نہیں، کسی عالم نے وزیراعظم سےملاقات سے انکار نہیں کیا۔

معاون خصوصی سے جب پوچھا گیا کہ کئی پیر بھی کابینہ میں شامل ہیں کیا وہ بھی مزاروں کے چندہ باکس کو ریگولیٹ کرنے پر راضی ہیں؟ توانہوں نے کہا کہ پالیسی سب کے لیے یکساں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی کسی ایک شخصیت یا خاص مزار کےحوالے سے نہیں بلکہ تمام مزاروں کےحوالے سے ہے، چندے کے باکس کی رقم کا حساب کتاب اسے زائرین کے مفاد میں استعمال کو یقینی بناسکے گا۔