وقار یونس کا سرفراز احمد کو ’’ شکریہ‘‘

October 19, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ان کی خدمات پر شکریہ کا پیغام جاریا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وقار یونس نے کہا کہ آپ نے بطور کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم جو خدمات پیش کی ہیں ان پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سرفراز احمد کی پاکستان ٹیم کے لیے خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔

ساتھ میں سابق کپتان نے سرفراز احمد کو شیر سے تشبیہ دیتے ہوئے تھینک یو ٹائیگر کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خراب کارکردگی کو بنیاد بناتے ہوئے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے سبکدوش کردیا تھا۔

پی سی بی نے اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹ کا کپتان مقرر کردیا تھا جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بابر اعظم کو ہی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے فیصلے پر قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے پی سی بی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز کو اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہی اس عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی خبروں کے مطابق سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان نے کہا تھا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس سرفراز احمد کو کبھی پسند ہی نہیں کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے سرفراز احمد کو ہٹائے جانے پر حیرانگی کا اظہار کیا اور کہا کہ جب سے مصباح الحق کو دو عہدوں پر لگایا گیا ہے تب سے عجیب فیصلے ہورہے ہیں۔