آسٹریلیا کیخلاف سیریز، 2 روزہ کیمپ لاہور میں شروع،15 بولرز شریک

October 20, 2019

لاہور(نمائندہ جنگ)دورہ آسٹریلیا سے قبل بائولرز کا دو روزہ کیمپ ہفتے کو قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا،قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی 2 روزہ کیمپ آج تک جاری رہے گا۔پی سی بی ذرائع کا کہناہے کہ سلیکشن کمیٹی نے قائد اعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15 بائولرز کو کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے۔جن میں محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔ وقار یونس کا کہناہے کہ دورہ آسٹریلیا سے قبل 2 روزہ بولنگ کیمپ کا مقصد بولرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔ سیریز کے لئے ٹیم کا انتخاب صرف کیمپ میں طلب کئے گئے بولرز تک محدود نہیں رہے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی آسٹریلیا کی کنڈیشنر اور کھیل کے فارمیٹ کو مدنظر رکھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی بھی بولرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق بلال آصف، بلاول بھٹی، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔اسی طرح محمد عباس، محمد عرفان (سپنر)، موسی خان، محمد محسن، نسیم شاہ، راحت علی، ثمین گل ،شاہین شاہ آفریدی، تابش خان، یاسر شاہ اور زاہد محمود بھی کیمپ میں بلائے جانے والوں میں شامل ہیں۔