گلشن اسلام کی آبیاری میں حضرت داتا گنج بخش ؒکا کلیدی کردار ہے،اشر ف آصف جلالی

October 20, 2019

لاہور( خبرنگارخصوصی)تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے حضرت داتا گنج بخش ہجویری کے عرس مقدس کے موقع پر ”درسِ کشف المحجوب“ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں عقائد ِاسلام کی شجر کاری اور گلشن اسلام کی آبیاری میں حضرت داتا گنج بخش کا کلیدی کردار ہے۔ آپ کی شہرہئ آفاق تصنیف”کشف المحجوب“ رموزِ تصوف، عقائد اسلامی، مستند تاریخ، اخلاق عالیہ اور اسلام کے اولین مشاہیر کے فضائل و مناقب کا ایک حسین گلدستہ ہے۔ کشف المحجوب شریف کو اس کے مضامین کی افادیّت کی وجہ سے ایک مرشد ِ کامل کا درجہ حاصل ہے۔ حضرت داتا گنج بخش ؒ کا فیضان صداقت ِ اسلام کا ایک مستند حوالہ ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں مذاہب باطلہ کو شکست دینے کے لیے آپ نے احکامِ توحید اور آدابِ رسالت آسان پیرائے میں لوگوں کے دل و دماغ میں نقش کیے۔