ڈی جی رینجرز کا چہلم سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

October 20, 2019

ڈی جی رینجر زسندھ میجر جنرل عمر بخاری نے چہلم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈی جی رینجر ز سندھ نے چہلم امام حسین ؓ کی مناسبت سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوس کے منتظمین سے بالمشافہ ملاقات کی۔

بعدازاں موقع پرموجود میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ چہلم کے موقع پر خصوصاً کوئی تھریٹ نہیں تھی لیکن جو صورت حال ہے اس میں ہم نارمل سیکورٹی پلان نہیں بناتے سیکیورٹی پلان ہمیشہ تھریٹ کا سوچ کر ہی بنایا جاتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ چہلم کے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے انتظامات بہت بہترہیں، شہر میں امن و امان کی صورتحال بہترہے۔ دہشتگردوں سے نمٹنے کے لیے رینجرز نے مربوط منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو اسٹریٹ کرائم میں واضح کمی آئی ہے، لیکن شہریوں کے جو تحفظات ہیں اس کو دور کرنے کے لیے رینجرز کو اسٹریٹ کریمنل کے خلاف ایکشن کے لئے خصوصی احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پورے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ عوام بے فکر ہو جائیں دہشتگردی یہاں جنم نہیں لے گی۔ رینجرز کا رسپانس زیادہ سے زیادہ تیز ہوگا۔ شہر قائد کی مکمل صورتحال سے آگاہ ہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ رینجرز اپنی ڈیوٹی پوری طرح ادا کر رہی ہے۔